بنگلورو،6؍ستمبر (ایس او نیوز) سینڈل ووڈ میں منشیات کے دھندہ میں ملوث ہونے کے معاملہ کی تحقیقات کر رہی سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) پولیس نے اپنی کارروائی کرتے ہوئے 3؍ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 40 لاکھ روپئے کی مالیت کی منشیات ضبط کی ہے۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت کیرالہ کے رہنے والے، کے آر پورم کے مقیم سبرامنی (26)، ودیوش(31) اور شوجیل (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ گرفتار افراد کے قبضہ سے 44 لاکھ روپئے مالیت کے 2133 گرام آشیش تیل، 2 کلو گانجہ، 105 خالی بوتلیں، ترازو اور 2 موبائل فون ضبط کئے ہیں۔
پولیس کمشنر کمل پنت نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمین آندھراپردیش کے ڈرگ مافیا کے ساتھ تعلقات قائم کرتے ہوئے وہاں سے منشیات لاکر شہر میں فروخت کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کے آر پورم کے ایک کرایہ کے مکان میں آشیش لا کر یہاں بوتلوں میں بھرنے کے بعد گانجہ کے چھوٹے پاکٹ تیار کرکے بازار میں فروخت کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمین انگلینڈ میں ایم ایس سی کمپیوٹر سائنس اور انٹرنیٹ اپلی کیشن کے تعلیم یافتہ ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ ملزمین آندھرا پردیش سے منشیات آشیش کو پیارشوٹ کی بوتلوں میں بھر کر پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے شہر لا رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کی اطلاع پر کے آر پورم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی۔ اخبار کانفرنس میں سی سی بی کے جوائنٹ پولیس کمشنر سندیپ پاٹل اور ڈپٹی کمشنر کمار حاضر رہے۔